ڈیرہ غازی خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان محمد صادق بلوچ کی ہدایات پر تھانہ سخی سرور پولیس نے منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دو بین الصوبائی منشیات اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 40 کلوگرام چرس اور 3 کلوگرام آئس برآمد کرکے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سخی سرور عرفان مصطفیٰ غازی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع اور مؤثر ناکہ بندی کے دوران پہلی کارروائی میں بلوچستان کے ضلع کوہلو کے رہائشی اخلاق احمد ولد جاڑو خان مری کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 40 کلوگرام چرس برآمد کی، جسے قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔دوسری کارروائی میں پولیس نے بلوچستان کے ضلع زیارت کے رہائشی اعجاز احمد ولد فتح محمد، قوم کاکڑ پٹھان، کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 3 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان بلوچستان سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں منشیات اسمگل کرنے میں ملوث تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیاں پیشہ ورانہ حکمت عملی، مؤثر ناکہ بندی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ایس ایچ او تھانہ سخی سرور عرفان مصطفیٰ غازی نے اس موقع پر کہا کہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان محمد صادق بلوچ کی خصوصی ہدایات کے مطابق تھانہ سخی سرور کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ قانون شکن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے ڈیرہ غازی خان پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہی ہے۔ پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جرائم اور منشیات فروشی کے خلاف مہم میں پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ معاشرے کو منشیات اور دیگر جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔







