ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان کو 60 کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا، نئے مالی سال 27-2026 کے لیے 8 ارب 10 کروڑ روپے کا بجٹ تیار تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کی انتظامیہ نے مالی سال 27-2026 کے لیے 8 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ تیار کر لیا ہےجسے 23 جولائی کو ہونے والے پلاننگ اینڈ فنانس کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کو گزشتہ مالی سال کے دوران 60 کروڑ روپے کے مالی خسارے کا سامنا رہا جس کے باعث نئے بجٹ میں آمدن اور اخراجات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے متعدد اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیںنئے مالی سال میں یونیورسٹی کی آمدنی کا بڑا حصہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گرانٹس پر مشتمل ہوگا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے ایک ارب 50 کروڑ روپے جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 60 کروڑ روپے کی گرانٹ متوقع ہےجبکہ باقی آمدن ٹیوشن فیس، دیگر فیسوں اور داخلی ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں اساتذہ کی ترقیوں کے لیے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 28 پروفیسرز، 48 ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور 50 اسسٹنٹ پروفیسرز کی ترقیوں کے لیے مالی گنجائش رکھی گئی ہے تاکہ اہل اساتذہ کو ترقی دے کر تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اسی طرح یونیورسٹی کے انتظامی و غیر تدریسی شعبوں میں گریڈ ایک سے 16 تک کے 30 ملازمین کی ترقی کے لیے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہےجس سے ملازمین کی طویل عرصے سے زیر التوا ترقیوں کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے بجٹ میں یونیورسٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ تعلیمی، تحقیقی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔







