اسلام آباد (عدالتی رپورٹر): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ریاستی اداروں پر مبینہ گمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے ان کے جاری شدہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔
سینیئر سول جج عباس شاہ کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی مزید کارروائی نہ ہو سکی، جس کے بعد عدالت نے سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کے تحت قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (NCCIA) نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ گمراہ کن الزامات عائد کرنے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے کا الزام شامل ہے۔







