رحیم یار خان(بیورو رپورٹ،نامہ نگار)نامعلوم مسلح ملزمان کی گھر میں داخل ہوکراندھادھند فائرنگ‘ کوش قبیلے کے سردار سمیت تین افراد جاں بحق‘ ملزمان موقع سے فرار‘ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی‘ ڈی پی او کا واقعہ کا سخت نوٹس‘ ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے احمدپورلمہ میں کوش قبیلے کے سردار عالمگیر خان کوش کے گھر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر کوش قبیلے کے سردار عالمگیر خان کوش‘ بیٹا ناظم کوش‘ان کے گارڈ معشوق جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد مسلح ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کوگھیرلیا اور مقتولین کی نعشیں قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کردیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں بھی موقع پہنچ گئے اور جائے واردات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے اور واقعے کے محرکات کا سراغ لگانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول سردار عالمگیر خان کوش کا تعلق ضلع کشمور کے کچے کے علاقے گیھل پور کے گاؤں میر صاحب کوش سے تھا اور وہ علاقے کی اہم شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ ذرائع کے مطابق وہ سیاسی طور پر بھی سرگرم رہے اور پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دینے کے علاوہ یونین کونسل بہادرانپور اور ضلع کونسل کشمور کے رکن بھی رہ چکے تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار عالمگیر خان کوش نے ماضی میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کو سرنڈر کرانے کے عمل میں بھی کردار ادا کیا تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سردار عالمگیر خان کوش زمیندار تھے اور ان کے پاس تقریباً سو ایکڑ زرعی اراضی تھی‘ ان کا ایک بیٹا لندن میں زیر تعلیم ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق وہ امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کردار ادا کرنے کے حوالے سے بھی جانے جاتے تھے۔کوش قبیلے کے سردار کے قتل پرکوش برادری اور ضلع کشمور کے عوام میں غم و سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مقتولین کی نعشیں آبائی گاؤں میر صاحب کوش منتقل کی جائیں گی۔







