رحیم یارخان،اقبال آباد(بیورو رپورٹ،نمائندہ قوم )رحیم یارخان میں ایک دن میں دوخواتین کوموت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔تفصیل کے مطابق رکن نہر کے کنارے ڈیرہ شمس کے قریب نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا جبکہ مقتولہ کی نعش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے تحویل میں لے لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شناخت شبینہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔مقتولہ کی شناخت شبینہ بی بی دختر جلیل خان قوم کورائی کے نام سے ہوئی ہےجو کہ ایک بچے کی ماں تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی جا رہی ہے۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی صورت قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ ایس ایچ او جام اعجاز لاڑ نے مقتولہ کے والد، بھائی اور بہنوں کے بیانات قلمبند کیے۔ انہوں نے سوگوار خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے تسلی بخش الفاظ میں کہا کہ آپ تسلی رکھیں، انشاءاللہ آپ کے ساتھ انصاف ہوگا اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں سہجہ کے علاقہ میں کماد کے کھیت سے 24 سالہ کائنات بی بی کی نعش برآمد ہوئی جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھی۔ نعش ملنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق کائنات بی بی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سٹی خان پور میں پہلے ہی درج کیا جاچکا تھا ۔







