ملتان(نمائندہ خصوصی )ملک میں دہشت گردی کے خدشات اور حالیہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ عبد الکریم نے صوبہ بھر،بالخصوص ملتان سمیت تمام اضلاع میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام ریجنل پولیس افسران، سٹی پولیس افسران، ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور دیگر سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور کسی بھی غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہ چھوڑیں۔آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں، کاروباری مراکز، اہم سرکاری عمارتوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔ نمازوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف شاہراہوں پر گشت بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے-احکامات میں بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی چوکس رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج، فتنہ ہندوستان اور دیگر ملک دشمن شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید مؤثر بناتے ہوئے مشکوک گاڑیوں، افراد اور ان کے سامان کی مکمل تلاشی لی جائے اور چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے حساس علاقوں کے گرد سرچ، سویپنگ اور کومبنگ آپریشنز مسلسل جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ دہشت گردی یا تخریب کاری کے کسی بھی ممکنہ منصوبے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں پولیس کا ہر افسر اور اہلکار پوری ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل چوکسی کے ساتھ فرائض انجام دے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے خدشات کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے حفاظتی اقدامات میں اضافہ انتہائی اہم ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص، گاڑی یا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن یا متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور امن و امان کی فضا برقرار رہے۔







