ملتان( روزنامہ قوم ریسرچ سیل) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ضلع خانیوال کے علاقے پیرووال میں واقع بیج کے گودام سے کاٹن کے بیج کے 14 ہزار تھیلے کاغذات میں ہیر پھیر کرکے جعلی ڈیلروں کے نام پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کاٹن کا بیج سیڈ کارپوریشن کے گودام سے غائب کرکے اسی ادارے کے ایک تنویر سہو نامی ملازم کے گھر اور اس کے عزیز و اقارب کے گھروں میں سٹور کر دیا پھر یہی بیج تین فرضی کمپنیوں کی رسیدیں بنا کر پرچون پر مختلف کاشتکاروں کو مہنگے داموں فروخت کر دیا گیا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق جو پرچیاں کاٹی گئیں وہ مرتضیٰ اینڈ کو ٹھٹھہ صادق آباد، منیر ٹریڈرز خانیوال اور اویس ٹریڈرز کچا کھوہ کے نام پر کاٹی گئیں اور سارے کا سارا بیج پیرووال کے گرد و نواح میں بیچ کر 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ٹرانسپورٹیشن کا کرایہ جعلی رسیدوں پر سرکار کے کھاتے سے نکلوا کر آپس میں بانٹ لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مرتضیٰ اینڈ کو اور منیر ٹریڈرز کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں جبکہ اویس ٹریڈرز کا وجود تو ہے مگر اسے ایک بوری بھی بیج کی نہیں بیچی گئی۔







