خام تیل 76 ڈالر فی بیرل پر آتے ہی عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا، وزیر پیٹرولیم

لاہور: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچے گی، حکومت عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت اب تک عوام کو ریلیف دینے کے لیے 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت مطلوبہ سطح پر آتے ہی اس کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے متعلق مقدمہ پیرس کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومت اس کیس کی بھرپور انداز میں پیروی کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی حکام کے ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے اس معاملے کا مناسب حل نکالا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے اسلام آباد امن معاہدے میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔
علی پرویز ملک نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس، پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی بلند قیمتوں نے ملک بھر کے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا، تاہم یہ مشکل مرحلہ گزر چکا ہے اور اب حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے، بلکہ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی، اس سے بھی زیادہ فائدہ عوام کو منتقل کیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں