ملتان (خصوصی رپورٹر) خاتون پروفیسر کو مبینہ دھمکیاں دینے پر زکریا یونیورسٹی کے معطل پروفیسرکو گرفتار کرلیاگیا۔ تفصیل کے مطابق بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ہائی پروفائل زیادتی کیس میں نامزد اور ضمانت پر رہا معطل پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ کو خاتون پروفیسر اور ان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز خطوط بھیجنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ کے خلاف گزشتہ برس ان کی کولیگ اور شعبہ فاریسٹری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ کی مدعیت میں مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے دوران ہونے والے فرانزک اور میڈیکل معائنے میں شکایت کنندہ کے الزامات کی تائید ہونے کا دعویٰ کیا گیاجبکہ کیس کی تفتیش کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں پر ایک پولیس افسر کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی تھی بعد ازاں ملزم عدالت سے ضمانت پر رہا ہوگیا تاہم مقدمہ اب بھی زیر سماعت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمانت پر رہائی کے بعد بھی ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ نے مبینہ طور پر ڈاکٹر شازیہ اور ان کے اہل خانہ کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کیےجس پر متاثرہ پروفیسر نے پولیس کو نئی درخواست دیتے ہوئے اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ۔اس سلسلے میں انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سے بھی ملاقات کی اور مبینہ دھمکیوں سے متعلق تمام شواہد پیش کیے۔ آر پی او کی ہدایت پر ایس پی کینٹ خدیجہ کو معاملے کی تحقیقات سونپی گئیں ۔ذرائع کے مطابق ایس پی خدیجہ نے دونوں فریقین کا مؤقف سنا، دستیاب شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ کو گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں انہیں تھانہ چہلیک منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔







