اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک بار پھر نظرثانی درخواست عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دی۔
ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نظرثانی کی متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے پہلے عائد کیے گئے اعتراضات کو دور کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس سے قبل بھی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کرکے اسے واپس کردیا تھا۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
طبی معائنے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اب حکومت کی جانب سے اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کی گئی نظرثانی درخواست پر سپریم کورٹ میں کارروائی متوقع ہے۔







