جلالپور میں سیلاب کی تباہ کاریاں شروع، بستیاں زیرآب، رابطے بند، ایک شخص ڈوب گیا

جلال پورپیروالہ(نامہ نگار)دریائے چناب میں سیلاب،مزید کئی بستیاں سیلاب میں گھر گئیں، سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں زیرآب آگئیں،سیلابی پانی ہائی سکول لاڑ جنوبی میں بھی داخل، دیوار گرگئی،جانور لیکر جانیوالا 55 سالہ شخص سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق، تفصیل کے مطابق دریائے چناب میں سیلاب کے باعث سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں زیرآب آگئیں۔نچلے درجے کے سیلاب کے باعث مواضعات وچھہ سندیلہ،نڑول، بیٹ کیچ جنوبی،بیٹ مغل کی متعدد بستیاںزد میں آگئیں۔کئی بستیوں کے راستے بھی ایک دوسرے سے منقطع ہوگئے ہیں۔اہل علاقہ نے نقل مکانی شروع کردی۔بیٹ مغل میں سیلابی پانی میں ڈوب کر 55 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ رب نواز نامی شخص جانور لاتے ہوئے پانی عبور کرتے وقت ڈوب گیا. ریسکیو 1122 کی ٹیم نے اسے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔نچلے درجے کے سیلابی ریلے نے نہ صرف فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ گورنمنٹ ہائی سکول لاڑ جنوبی میں بھی داخل ہوگیا اور سیلابی پانی کے باعث سکول کی دیوار بھی گرگئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں