تازہ ترین

جامعہ زکریا: سنڈیکیٹ میں بدتمیزی، پروفیسراحسان قادر کو لیٹر آف ڈس پلیژر جاری

ملتان (خصوصی رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی سنڈیکیٹ نے اجلاس کے دوران مبینہ غیر مناسب رویے پر شعبہ فاریسٹری اینڈ رینج مینجمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر کو باقاعدہ ’’لیٹر آف ڈس پلیژر‘‘جاری کر دیا ہے رجسٹرار و سیکرٹری سنڈیکیٹ اعجاز احمد کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق 19 جون 2026ء کو ہونے والے سنڈیکیٹ کے اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر نے مبینہ طور پر اجلاس میں زبردستی داخل ہو کر غیر مناسب طرزِ عمل اختیار کیا، چیئر کے سامنے کاغذ پھینکا اور ہاتھ کے اشارے سے ایسا رویہ اپنایا جسے اجلاس کے شرکا نے غیر پیشہ ورانہ اور نامناسب قرار دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سنڈیکیٹ کے تمام اراکین نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر اس طرزِ عمل کی مذمت کی کہ یہ رویہ نہ صرف اجلاس کے وقار اور کارروائی میں خلل کا باعث بنا بلکہ چیئر اور یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامی باڈی کے اختیار کو بھی چیلنج کرنے کے مترادف تھا۔ اساتذہ سے پیشہ ورانہ اخلاقیات، نظم و ضبط اور باہمی احترام کی جو توقع کی جاتی ہے، یہ طرزِ عمل اس کے منافی ہے اور یونیورسٹی کے ڈسپلنری قواعد کے تحت ’’مس کنڈکٹ‘‘کے زمرے میں آتا ہے۔سنڈیکیٹ نے غور و خوض کے بعد متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر کو لیٹر آف ڈس پلیژر جاری کرنے کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ آئندہ تمام سرکاری معاملات میں پیشہ ورانہ طرزِ عمل اختیار کیا جائے اور مستقبل میں اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی صورت میں یونیورسٹی کے ڈسپلنری قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں