توہینِ مذہب کیس: اینکر ریحان طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت مسترد

لاہور: ضلع کچہری لاہور نے اینکر ریحان طارق کے خلاف درج توہینِ مذہب کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی، جہاں فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔
عدالتی کارروائی کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی نوعیت کے پیش نظر درخواست منظور نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب ریحان طارق کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں شامل دفعات قابلِ ضمانت ہیں اور کیس میں موجود سوالات یا گفتگو سے توہینِ مذہب ثابت نہیں ہوتی، اس لیے ان کے مؤکل کو ضمانت دی جائے۔
عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد اینکر ریحان طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں