بیرون ملک بھیک مانگنے کے الزام میں ایک سال کے دوران 950 پاکستانی ڈی پورٹ

کراچی: بیرون ملک بھیک مانگنے کے الزام میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف ممالک سے 950 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر بھی اسی مقصد سے بیرون ملک جانے والے 49 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2025 سے 2026 کے دوران سب سے زیادہ 897 پاکستانی سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہوئے۔ متحدہ عرب امارات سے 22، عراق اور عمان سے 11،11، قطر سے 5 جبکہ بحرین اور ملائیشیا سے ایک، ایک پاکستانی کو واپس بھیجا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک بھیک مانگنے کے شبہے میں سعودی عرب جانے والے 21 مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیا گیا۔ بحرین جانے والے 7 جبکہ متحدہ عرب امارات اور قطر روانہ ہونے والے 5،5 مسافروں کو بھی سفر سے روک دیا گیا۔
اسی طرح عمان جانے والے 4، ملائیشیا جانے والے 3 جبکہ آذربائیجان، ازبکستان، انڈونیشیا اور ترکیہ جانے والے ایک، ایک مسافر کو آف لوڈ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ سے روکے گئے تمام مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے بیرون ملک بھیک مانگنے کے رجحان کی روک تھام اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی کے لیے ایئرپورٹس پر نگرانی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں