بہاولپور: وزیر اعلیٰ کی بنائی پیرا فورس میں کرپشن انتہا کو پہنچ گئی

بہاولپور( ڈپٹی بیورو چیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بنائی گئی پیرا فورس میں مبینہ طور پر کرپشن کی انتہا ہوگئی۔بھتہ وصولی، مبینہ مالی لین دین اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ بہاولپور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) بہاولپور صدر سرکل مبینہ طور پر ایک گرینڈ کرپشن سکینڈل کی زد میں آگیا ۔ میڈیا کو موصول ہونے والے مبینہ مالی ریکارڈ، واٹس ایپ گفتگو اور دیگر دستاویزات کی بنیاد پر شکایت کنندگان نے بتایا ہے کہ دکانداروں سے مبینہ طور پر غیرقانونی رقوم وصول کی جاتی رہیں ۔ذرائع کے مطابق چیئرپرسن PERA کے آفس آرڈر نمبر 1414 کے تحت سارجنٹ حافظ محمد طلحہ فضل کا 15 جولائی کو بہاولپور صدر سے احمدپور ایسٹ تبادلہ کر دیا گیا تھا،مگر 23 جولائی کو وہ دوبارہ ایس ڈی او کے ساتھ فیلڈ ڈیوٹی میں موجود تھا جس کی فوٹیج بھی موجود ہے۔ بہاولپور صدر سرکل کے تاجران اور شکایت کنندگان کا مزید دعویٰ ہے کہ میڈیا کو موصول ہونے والے متعدد مبینہ جاز کیش، بینک اور دیگر ڈیجیٹل ٹرانسفرز کے ریکارڈ، واٹس ایپ چیٹس اور دیگر مواد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ ادائیگیاں سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق تھیں جسے بھتہ خوری کہتے ہیں اسی مواد میں بچوں کے پیمپر تک طلب کیے گئے ہیں۔تاجران اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہمعاملے کی آزادانہ فرانزک تحقیقات کرائی جائیں۔تمام مالی ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے اور قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ایس ڈی او پیرا صدر سرکل بہاولپور کی ٹیم کے خلاف پہلے بھی کئی مرتبہ کرپشن بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سامنے آئے ہیں مگر ایس ڈی او صدر سرکل حقائق سامنے لانے والے صحافیوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے چکی ہیں جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے ۔اس معاملے پر جب ایس ڈی او پیراصدر سرکل صائمہ یعقوب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کسی بھی الزام پر براہِ راست مؤقف دینے کے بجائے کہا کہ اس حوالے سے پراسیکیوٹر سے رابطہ کریںجبکہ سارجنٹ حافظ طلحہ نے موقف دینے سے انکار کردیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں