بہاولپور : منشیات فروشوں کا نیٹ ورک سرگرم، تعلیمی اداروں تک رسائی

ملتان (کرائم سیل) بہاولپور منشیات کی لپیٹ میں سابقہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروشوں کا مکمل راج، پولیس منشیات کی روک تھام میں مکمل ناکام، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیل کے مطابق بہاولپور میں منشیات فروش بے لگام نوجوان نسل منشیات کے عادی بننے لگے یونیورسٹیوں کالجوں تعلیمی اداروں سمیت گلی محلوں میں منشیات فروش دن رات سرعام منشیات کی سپلائی کرنے لگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی چند کالی بھیڑیں مبینہ طور پر منشیات فروشوں کی سرپرستی میں ملوث ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کالونی کے رہائشی جاوید عرف گچی مہاجر، شیخ ایوب، پرانی چنگی کے رہائشی رضوان عرف لا لی اور فتو والی کے رہائشی مظہر سیال سمیت دیگر کئی منشیات فروش مختلف علاقوں میں دندناتے پھر رہے ہیں مگر پولیس کی ان عادی پیشہ ور منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں صفر ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس ان منشیات فروشوں کے خلاف کئی بار ڈرامائی کاروائیاں کر چکی ہیں جس سے منشیات فروشوں کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں انکو گرفتار تو کر لیا جاتا ہے مگر ان پر منشیات کی مقدار جان بوجھ کر کم ڈالی جاتی ہے تاکہ منشیات فروشوں کی ضمانت جلد سے جلد ہو سکے ۔بہاولپور کے شہریوں نے آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے منشیات فروشوں کے خلاف فوری گھیرا تنگ کرنے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں