ملتان( خصوصی رپورٹر) بہاول پور میں حساس اداروں، سی سی ڈی اور پولیس کے نام پر آن لائن کاروبار کرنے والوں کو لوٹنے والا گینگ بے نقاب،خفیہ اداروں کی معاونت سے مرکزی نیٹ ورک ٹریس، 4 ارکان گرفتار، سرغنہ عمار راجپوت فرار،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیل کے مطابق بہاول پور میں آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کو حساس اداروں، سی سی ڈی اور پولیس افسران کے نام پر ڈرا دھمکا کر لاکھوں روپے بھتہ اور نقد رقوم بٹورنے والا منظم گروہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکنجے میں آگیا۔ پولیس نے گینگ کے چار اراکین دانیال ولد صادق قوم شیخ سکنہ ٹرسٹ کالونی بہاولپور ، حذیفہ شفیق ولد محمد شفیق ، عمر فاروق ولد لیاقت علی سکنہ پھولوں والی گلی بہاولپور ، علی بخاری ولد خالد بخاری سکنہ مبارکپورہ بہاولپور کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ گینگ کا مبینہ سرغنہ عمار ولد عارف قوم راجپوت سکنہ ٹرسٹ کالونی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے گینگ کے اراکین دانیال سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا گروہ نہایت منظم انداز میں آن لائن کاروبار کرنے والے افراد، ای کامرس سے وابستہ تاجروں اور دیگر شہریوں کو فون کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرتا تھا۔ ملزمان خود کو حساس اداروں، سی سی ڈی یا پولیس کے اعلیٰ افسران ظاہر کرتے ہوئے اسلحہ سمیت چھاپہ مارتے اور خوف و ہراس پھیلا کر متاثرہ افراد سے نقد رقم یا آن لائن ٹرانسفر کے ذریعے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد پولیس اور اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا۔ جس کا ایک مقدمہ تھانہ کوتوالی بہاولپور 382، 419، 427 کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گینگ کے سرغنہ عمار راجپوت نے ساتھیوں کے ہمراہ الکریم پلازہ میں آن لائن کاروبار کرنے والے ارحم نوید کے گھر ریڈ کیا اور خود کو حساس ادارے کا جعلی اہلکار ظاہر کرکے ارحم اور ان کے دوستوں کے دو موبائل فونز ، لیپ ٹاپ، رولیکس گھڑی، اے ٹی ایم کارڈ اور ڈیڑھ لاکھ کی نقدی چھین لی اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گینگ صرف ایک شہر تک محدود نہیں تھا بلکہ مختلف اضلاع کے آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بناتا رہا۔ تفتیشی ٹیم ملزمان کے موبائل فونز، بینک ریکارڈ، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مالی لین دین کا فرانزک جائزہ لے رہی ہے تاکہ مزید متاثرین اور ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے جبکہ فرار ہونے والے مرکزی ملزم عمار راجپوت کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان سے اہم انکشافات اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔







