بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر رسائی ملے، اداکار فیصل قریشی

کراچی: معروف اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو نیٹ فلکس پر جگہ نہ ملنے کی کئی وجوہات ہیں، جن میں بھارتی ناظرین کی مخالفت اور پاکستان میں پلیٹ فارم کا محدود کاروبار شامل ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارتی ناظرین نہیں چاہتے کہ پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس جیسے عالمی پلیٹ فارم پر نمایاں مقام حاصل ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والا مواد اکثر مکمل حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا، جبکہ نیٹ فلکس مختلف ممالک سے ایسے موضوعات کی توقع رکھتا ہے جو معاشرتی مسائل اور زمینی حقائق کو کھل کر پیش کریں۔
اداکار کے مطابق پاکستان میں فلم سازوں کے لیے ہر حقیقت کو بے جھجک پیش کرنا آسان نہیں، کیونکہ حساس موضوعات پر کام کرنے والوں کو بعد میں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فیصل قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان میں نیٹ فلکس کا کاروبار بھی محدود ہے، کیونکہ بہت سے صارفین اپنی ذاتی سبسکرپشن لینے کے بجائے دوستوں یا بیرونِ ملک مقیم رشتہ داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث کمپنی کو پاکستان سے خاطر خواہ آمدنی حاصل نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی بڑی مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستان میں ڈیجیٹل اسٹریمنگ کا رجحان ابھی محدود ہے۔ ان کے بقول، یہاں نئی فلم ریلیز ہوتے ہی اکثر لوگ سب سے پہلے یہ پوچھتے ہیں کہ وہ یوٹیوب پر کب دستیاب ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں