آبنائے ہرمز میں میزائل حملہ، بھارتی ملاح جاں بحق، بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کر دی

ابوظبی: آبنائے ہرمز میں دو تجارتی بحری جہازوں پر ہونے والے میزائل حملوں کے نتیجے میں ایک بھارتی ملاح جان کی بازی ہار گیا، جس کی تصدیق متحدہ عرب امارات میں قائم بھارتی سفارتخانے نے کر دی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے بحری جہازوں کی شناخت البحیہ اور مومباسا بی کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت بھی کی۔
اطلاعات کے مطابق عمان کی سمندری حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد بھارت نے ایران کے نائب سفیر کو طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
بھارتی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور زخمی افراد سمیت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قونصلر اور سفارتی معاونت فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے سے متعلق ہر نئی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کی سلامتی پر خدشات میں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ عالمی بحری صنعت اور مختلف ممالک اس اہم آبی گزرگاہ کی سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
تاحال حملے کی مکمل تفصیلات، جاں بحق بھارتی شہری کی شناخت اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے مزید سرکاری معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں