بسپ صادق آبادمیں مستحقین کی تذلیل،اسسٹنٹ ڈائریکٹرکے خواتین کوتھپڑ

صادق آباد (نامہ نگار) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صادق آباد دفتر میں بدانتظامی اور مستحق خواتین پر تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ رش پر قابو پانے کے بہانے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی رانا رحمت اللہ کی جانب سے غریب اور بیوہ خواتین کو سرعام تھپڑ مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مستحقین نے دفتر کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اسسٹنٹ کمپلینٹ آفیسر محمد آصف بھٹی پر انتہائی ہتک آمیز رویے اور عام خواتین کو خوار کر کے مبینہ ایجنٹ مافیا اور مخصوص ریٹیلرز کو نوازنے کے سنگین الزامات عائد کیے۔شدید گرمی اور حبس میں پینے کے پانی، سائے اور بیٹھنے کی سہولت نہ ہونے سے متعدد خواتین کی حالت غیر ہو گئی اور بعض بے ہوش ہو گئیں۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر جام امام بخش کی زیر نگرانی انتظامات انتہائی ناقص ہیں اور ماضی میں بدانتظامی کے باعث خواتین کی ہلاکتوں کے باوجود کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔ احتجاجی خواتین نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیئرپرسن روبینہ خالد سے کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں