ملتان (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں قلعہ کہنہ قاسم باغ اور حسین آگاہی بازار اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری ترقیاتی کاموں، منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں پر کام کی رفتار، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اجلاس میں حسین آگاہی بازار کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ حسین آگاہی بازار میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، بجلی کے تاروں کو زیر زمین منتقل کرنے، خوبصورت لائٹنگ اور شجرکاری کے اقدامات شامل ہیں۔ حسین آگاہی روڈ کے ترقیاتی کاموں میں پہلے ہی نمایاں پیش رفت ہوچکی ہے جبکہ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو مقررہ اہداف کے مطابق کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں برانڈ روڈ کے اپ گریڈیشن کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں بجلی کے تاروں کو زیر زمین منتقل کرنے سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سڑکوں، سیوریج، بجلی اور بیوٹیفکیشن سے متعلق تمام کام باہمی رابطے کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔







