ملتان (کرائم سیل ) محکمہ اینٹی کرپشن ملتان کی ٹیم نے خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں کارروائی کرتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو مبینہ طور پر 40 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ کارروائی کے دوران مبینہ رشوت خوری میں معاونت کے الزام میں ایک سینٹری ورکر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن ملتان کو اطلاع موصول ہوئی کہ میونسپل کمیٹی جہانیاں کے چیف آفیسر علی صابر مبینہ طور پر ایک شہری سے سرکاری کام کے عوض رشوت طلب کر رہے ہیںجس پر متعلقہ حکام نے معاملے کی جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا۔ اینٹی کرپشن ملتان کی ٹیم نے منصوبہ بندی کے تحت جہانیاں میں کارروائی کی اور مبینہ طور پر چیف آفیسر علی صابر کو 40 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے موقع پر گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران اینٹی کرپشن ٹیم نے مبینہ طور پر رشوت کی رقم بھی قبضے میں لے لی اور ضروری شواہد اکٹھے کیے۔ کارروائی کے دوران سینٹری ورکر امجد خان کو بھی مبینہ طور پر رشوت خوری میں معاونت کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملازمین کو موقع پر گرفتار کرنے کے بعد انہیں تفتیشی عمل میں شامل کرلیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کی چھان بین کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار چیف آفیسر اور سینٹری ورکر کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ مبینہ رشوت کی رقم کس سرکاری کام کے عوض طلب کی گئی، آیا اس معاملے میں مزید کوئی اہلکار یا افسر ملوث ہے یا نہیں اور میونسپل کمیٹی جہانیاں میں اختیارات کے ناجائز استعمال یا مالی بے ضابطگیوں سے متعلق دیگر شکایات بھی موجود ہیں یا نہیں۔ حکام کے مطابق اگر تفتیش کے دوران مزید شواہد سامنے آئے تو کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جاسکتا ہے۔







