ایف بی آر نے مالی سال کا ہدف عبور کرلیا، 27 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول

اسلام آباد: وفاقی ادارہ برائے محصولات (ایف بی آر) نے گزشتہ مالی سال کے دوران مقررہ ٹیکس ہدف سے زیادہ وصولیاں کرکے 27 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرلیا۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 12 ہزار 983 ارب روپے رکھا گیا تھا، جبکہ ایف بی آر نے مجموعی طور پر 13 ہزار 10 ارب 30 کروڑ روپے کی نیٹ وصولیاں ریکارڈ کیں۔
اعداد و شمار کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں 6 ہزار 651 ارب 90 کروڑ روپے، سیلز ٹیکس سے 4 ہزار 731 ارب 70 کروڑ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 840 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی سے ایک ہزار 385 ارب 30 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی (گراس) ٹیکس وصولیاں 13 ہزار 609 ارب روپے رہیں، جبکہ ایف بی آر نے ریلیف فنڈ کی مد میں 598 ارب 60 کروڑ روپے ادا کیے، جس کے بعد نیٹ وصولیاں 13 ہزار 10 ارب 30 کروڑ روپے رہیں۔
صرف جون کے مہینے میں انکم ٹیکس کی مد میں ایک ہزار 48 ارب 50 کروڑ روپے، سیلز ٹیکس سے 511 ارب 30 کروڑ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 95 ارب 20 کروڑ روپے اور کسٹمز ڈیوٹی سے 165 ارب روپے وصول کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق جون کے دوران مجموعی ٹیکس وصولیاں ایک ہزار 820 ارب 10 کروڑ روپے رہیں۔ اسی عرصے میں 43 ارب روپے کی ایڈجسٹمنٹ یا ریلیف کے بعد جون کی نیٹ وصولیاں ایک ہزار 777 ارب روپے ریکارڈ کی گئیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں