تازہ ترین

ایران میں انڈوں کے ساتھ تصاویر کا منفرد ٹرینڈ، مہنگائی کے خلاف علامتی احتجاج

عام طور پر لوگ اپنی پسندیدہ شخصیات یا خاص مواقع کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں، تاہم ایران میں ان دنوں انڈوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانا سوشل میڈیا پر ایک نیا اور دلچسپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔
اس منفرد رجحان کے پیچھے ایران میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی عام چیز سمجھے جانے والا انڈا بھی بہت سے شہریوں کے لیے مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سوشل میڈیا صارفین انڈوں کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر شیئر کر رہے ہیں، جسے ملک میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ایک علامتی احتجاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تہران میں ایک انڈے کی قیمت تقریباً 4600 سے 8000 تومان کے درمیان پہنچ چکی ہے۔
صرف انڈے کی قیمت میں اضافہ ہی نہیں بلکہ دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ بھی مہنگی ہونے سے ایرانی شہریوں کے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ ڈالر کی قدر میں اضافے نے معاشی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
مہنگائی کی شدت کی مثال دیتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک مشیر نے حال ہی میں بتایا کہ بچوں کے ڈائپر کی قیمت 8 لاکھ 60 ہزار تومان تک پہنچ گئی ہے۔
ایسے حالات میں ایرانی سوشل میڈیا صارفین نے احتجاج کے لیے روایتی نعروں کے بجائے طنزیہ انداز اپنایا اور انڈے کو ہی سوشل میڈیا کی ’سلیبریٹی‘ بنا دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں