ایران سے کم قیمت تیل اور گیس کی خریداری پر غور جاری ہے، وفاقی وزیر پیٹرولیم

لاہور: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ عالمی معاہدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے کیے جائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ اللہ کے فضل و کرم سے پرامن طریقے سے مکمل ہوا، جس پر انہوں نے پاک فوج، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد خطے میں حالات بہتر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر مسلسل متحرک ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر جتنی قیمت کم ہوئی، حکومت نے اس سے بھی زیادہ ریلیف عوام کو فراہم کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا گیا۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ بعض عناصر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے فیصلے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران سے کم قیمت پر تیل اور گیس خریدنے کے مختلف امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں