ایران امریکا کشیدگی کے اثرات، سونے کی قیمت میں دوبارہ بڑا اضافہ

کراچی: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں چار روز بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چاندی کے نرخ مستحکم رہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعرات کے روز فی اونس سونے کی قیمت 36 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 113 ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے۔
ملکی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 86 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ فی اونس چاندی 59 ڈالر 42 سینٹ پر برقرار رہی، جس کے باعث پاکستان میں بھی چاندی کے نرخ مستحکم رہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 6 ہزار 421 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 5 ہزار 504 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا رخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر اس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں