تازہ ترین

ایرانی عوام دشمن کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے عوام نہ ہتھیار ڈالیں گے اور نہ ہی کبھی دشمن کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے۔
نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل دونوں کے دباؤ کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو دھمکانے اور دباؤ میں لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم ایران کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ اگر ایران کو مزید دباؤ میں لایا گیا تو وہ بھی اس کا جواب دے گا۔
ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک ہی حملے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہید کیا گیا، اس کے باوجود ایران کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کو قتل کرنے والوں کو خود اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔
مسعود پزشکیان نے سوال اٹھایا کہ سائنسدانوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے؟ اگر مقابلہ کرنا ہے تو صرف فوج اور فوجی اہلکاروں سے لڑا جائے۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے، عوام کے روزگار اور ان کے ذرائع آمدن کو نشانہ بنانے کی کیا وجہ ہے؟ انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ ایرانی عوام کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر جمعے کے روز بھارت پہنچے ہیں جہاں وہ برکس ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ مسعود پزشکیان کا بھارت کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تنازع جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں