اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر پولیس چھاپہ، ایس پی کینٹ عہدے سے ہٹا دیا گیا، انکوائری شروع

لاہور: اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کی رہائش گاہ پر پولیس کارروائی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایس پی کینٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے دو افسران کو انکوائری سونپ دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی پی او لاہور نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے دو سینئر افسران کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے، جنہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ابتدائی شواہد کا جائزہ لیا۔ دونوں افسران تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ سی سی پی او کو پیش کریں گے۔
اس سے قبل اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر مبینہ طور پر غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نفری لے جانے کے معاملے میں ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں صرف ملازمین موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے کارروائی کے دوران گھر کے باہر رکھے گملوں کو نقصان پہنچایا اور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب اٹارنی جنرل منصور اعوان اجلاس سے واپس اپنی رہائش گاہ پہنچے تو پولیس مبینہ طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج حذف کرنے کے بعد ڈی وی آر واپس کر گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں