اوچ شریف (نمائندہ قوم،کرائم رپورٹر)اوچ شریف کے نواحی علاقے بنگلہ مستوئی میں واقع چھوٹی نہر (لڑی) کے کنارے مبینہ طور پر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے کے باعث شدید کٹاؤ پیدا ہوگیا، جس کے نتیجے میں موضع گمانی کا قبرستان پانی کی زد میں آ گیا۔ واقعے پر اہلِ علاقہ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ نہر کے کنارے کٹاؤ کے آثار کافی عرصے سے نمایاں تھے اور اس حوالے سے مبینہ طور پر متعدد بار متعلقہ محکمہ کو آگاہ بھی کیا گیا، تاہم بروقت مرمت اور حفاظتی بند تعمیر نہ ہونے کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی۔ ان کے مطابق اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو قبرستان کو اس نقصان سے بچایا جا سکتا تھا۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور پر کٹاؤ پر قابو نہ پایا گیا تو پانی مزید آگے بڑھ سکتا ہے، جس سے قبرستان کے ساتھ ملحقہ زرعی اراضی اور دیگر مقامات بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایکسین اور ایس ڈی او محکمہ انہار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر موقع کا دورہ کریں، تکنیکی بنیادوں پر نقصان کا جائزہ لیں، ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بند تعمیر کر کے کٹاؤ کو روکا جائے اور اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہو تو ذمہ دار افسران یا اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ قبرستان ایک مقدس اور اجتماعی ورثہ ہے، اس کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ انہار نہ صرف اس مقام پر فوری حفاظتی اقدامات کرے بلکہ نہری کناروں کی مستقل نگرانی، بروقت مرمت اور مؤثر حفاظتی منصوبہ بندی کو بھی یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔







