انصاف دہلیزپر، بیوہ کوگھرواپس مل گیا، ’’قوم‘‘ اورسی پی او ملتان کو دعائیں

ملتان (کرائم سیل) روزنامہ قوم کی خبر پر سی پی او ملتان محمد صادق ڈوگر نے ناگ شاہ کے علاقے گیلانی ٹاؤن کی بیوہ کو سیلاب میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے اسکے خاوند محمد عامر مرحوم کے مکان کا قبضہ واپس دلوا کر انتہائی مظلوم خاتون کی دادرسی کر دی۔ اقرا شوکت نامی دو بچوں کی بیوہ ماں نے گزشتہ روز روزنامہ قوم کے دفتر آ کر سی پی او ملتان محمد صادق ڈوگر، ملتان پولیس اور روزنامہ قوم کو ڈھیروں دعائیں دیں۔ یاد رہے کہ اقرا شوکت کے خاوند محمد عامر نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر گیلانی ٹاؤن میں پانچ مرلے کا ایک گھر بنایا جس کے لیے اقرا نے اپنے زیورات بیچے اور بچوں ٹویشن پڑھائی جب کہ خاوند نے بھی دن محنت کی۔ حالیہ سیلاب میں محمد عامر جلال پور پیر والا میں سیلاب میں گھرے ہوئے اپنے والدین کو لینے کے لیے پانی میں تیرتا ہوا گھر تک گیا اور اپنے والدین کو باحفاظت نکال لایا مگر آخری مرتبہ واپس آتے ہوئے پانی کا ریلا تھکاوٹ کے باعث اسے بہا کر لے گیا اور اس کی لاش چار مہینے بعد ملی۔ محمد عامر کے انتقال کے بعد عامر کے بھائی اور والدہ اپنا سامان اٹھا کر گیلانی ٹاؤن میں محمد عامر کے گھر گھس گئے اور اس گھر پر زبردستی قبضہ کر لیا، بیوہ اقرا سے بچے چھیننے اور اسے گھر سے نکالنے کی کوشش کی تو ایک درد مند خاتون اسے لے کر روزنامہ قوم کے دفتر آ گئی اور روزنامہ قوم نے اس کے ساتھ ہونے والے ظلم کی داستان کو 16مئی 2026کی اشاعت میںشائع کیا جس پر غریب پرور سی پی او ملتان صادق ڈوگر نے پولیس کو سخت ہدایات جاری کیں کہ خاتون کی فوری دادرسی کی جائے تو ملتان پولیس نے فوری طور پر گیلانی ٹاؤن کے علاقے میں مذکورہ خاتون کے گھر جا کر قانون کے مطابق اس کے دیوروں کو گھر سے بے دخل کر دیا اور اسے گھر کا قبضہ کرواتے ہوئے سی پی او ملتان نے بیوہ کو پیغام بھی بھجوایا اگر دوبارہ کوئی اسے تنگ کرے تو فوری طور پر 15 پر اطلاع دے۔ اقرا نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے اس کے خاوند کے فوت ہونے پر جو امدادی رقم ملنی تھی وہ بھی اس کے سسرال والے لے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں