ملتان (شاہد صدیق/ایڈیٹر سپورٹس)انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں۔ قوم میڈیا گروپ، ڈویژنل سپورٹس انتظامیہ ،ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملتان کے اشتراک سے کیو ایس ایل سیزن 3 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ پی ایس ایل کی طرز پر کیو ایس ایل سیزن 3 کمشنر کپ فلڈ لائٹس چیمپئن شپ 2026ء کا 17جولائی سے رنگا رنگ آغاز ہو رہا ہے۔سپورٹس کمپلیکس ملتان میںمصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانیوالے کیو ایس ایل کمشنر کپ میں 8 ٹیموں پر مشتمل کیو ایس ایل سیزن تھری کمشنر کپ میں نامور قومی و بین الاقوامی کرکٹرز کی کلب کریسنٹ ٹائٹل کا دفاع کرے گی ۔قوم سپر لیگ سیزن تھری کے میچوں کی نگرانی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ سٹاف کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں ۔ امپائرز، میچ ریفری اور آفیشل سکوررز پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ ہوں گے۔ قوم سپر لیگ کے اب تک ہونیوالے یادگار سنسنی خیز مقابلوں کے اعدادو شمار کے مطابق کیو ایس ایل سیزن 1 کی چیمپئن سروو آئل قرار پائی تھی۔ کیو ایس ایل سیزن 2 کا ٹائٹل پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملتان ڈسٹرکٹ کی ٹاپ ٹیم کریسنٹ کلب نے اپنے نام کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق 9 روزہ رنگا رنگ ایونٹ کا فائنل میچ 25 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں حصہ لینے والے کرکٹرز کی فیملیز کو گراؤنڈ میں براہ راست میچز سے لطف اندوز ہونے کیلئے خصوصی فیملی انکلوژر بھی بنایا جائے گا۔







