امریکی پابندیوں کا ہدف ایران کو اندر سے کمزور کرنا ہے: ایرانی صدر

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا بنیادی مقصد ایرانی معاشرے میں اندرونی انتشار اور تباہی پیدا کرنا ہے۔
تہران میں وزارتِ محنت کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے پیدا کیے جانے والے مسائل اور سخت پابندیوں کے ذریعے ایران میں سماجی مشکلات کو بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایرانی صدر نے بیرونِ ملک مقیم بعض ایرانی شہریوں پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے دشمنوں کے ساتھ مل کر ملک کے اندر بے چینی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک موجود کچھ ایرانی عناصر دشمن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ملک کے اندر عوام کو مشتعل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے 24 اگست کو ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ایران کو بیرونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے محروم کرنا ہے۔
امریکی بحری ناکہ بندی اور مزید سخت پابندیوں کے نتیجے میں ایران کی تیل برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ غیر ملکی کرنسی تک رسائی محدود ہونے سے ایرانی معیشت پر دباؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں