اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو غیر مؤثر قرار دینے کا سوال ہی نہیں: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیر مؤثر قرار دینے کی کوئی وجہ نہیں، امن کا فریم ورک بدستور موجود ہے اور پاکستان کو امید ہے کہ فریقین بالآخر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے دوران دونوں جانب سے مسلح حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ پاکستان صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے موجودہ کشیدگی کو تشویشناک اور ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کی کوششوں سے مایوس نہیں ہوا۔ امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ پاکستان تنازع کے حل کے لیے مکمل اخلاص کے ساتھ امن عمل میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کرتا۔ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی جانب واپس آئے۔ ان کے مطابق بھارت کو بین الاقوامی قوانین اور اپنے معاہداتی وعدوں کی ہر صورت پاسداری کرنا ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا موجودہ طرزعمل معاہدوں کی پاسداری اور عالمی تنازعات کے حل کے طے شدہ نظام پر اعتماد کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس قسم کا رویہ دیگر خطوں کے لیے بھی منفی مثال بن سکتا ہے، جہاں مشترکہ وسائل کو قانونی معاہدوں کے تحت منظم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں سرحد پار پانی کے معاملات پر یکطرفہ اقدامات امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
یاسین ملک کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے یاسین ملک کے خلاف مقدمے اور سزا کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔ ان کے بقول یاسین ملک کے خلاف قانونی کارروائی انصاف کے بنیادی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک کا معاملہ عالمی اور کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک کی صحت اور طویل زندگی کے لیے دعاگو ہے جبکہ سید علی گیلانی بھی ہماری دعاؤں میں شامل ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں