خیرپور سادات(کرائم رپورٹر) زمینی تنازع پر دو برادریوں میں تصادم، پولیس پر پتھراؤ اور مرچوں و مٹی کی بارش، مقدمہ درج ،خیرپور سادات سرکل روڈ پر درکھان برادری اور پٹھان برادری کے درمیان زمینی جائیداد کے تنازع پر شدید جھگڑا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق فریق نمبر ایک نے صورتحال بگڑنے پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر خیرپور سادات پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق جب اہلکار حالات پر قابو پانے اور دونوں فریقین میں صلح کرانے کی کوشش کر رہے تھے تو فریق نمبر دو کے بعض افراد نے مبینہ طور پر پولیس ٹیم پر شدید پتھراؤ کیا۔ اس دوران اہلکاروں پر سرخ مرچوں کا پاؤڈر اور مٹی بھی پھینکی گئی، جس سے پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی اور موقع پر کچھ دیر کے لیے افراتفری پھیل گئی۔تاہم خیرپور سادات پولیس نے بروقت حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا اور قانون نافذ کرتے ہوئے مبینہ قصوروار فریق کے خلاف سرکاری امور میں مداخلت، پولیس پر حملہ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی، جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔







