ملتان (وقائع نگار)نشتر ہسپتال ملتان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کو محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے منعقدہ آن لائن میٹنگ میں شرکت نہ کرنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب میں رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل محکمہ صحت پنجاب نے پنجاب بھر کے تمام ہسپتالوں کے ایم ایس کے لیے ایک اہم آن لائن میٹنگ طلب کی تھی۔ تاہم ڈاکٹر راؤ امجد علی خان نجی مصروفیات کے باعث اس میٹنگ میں شریک نہ ہو سکےجسے محکمہ نے سنگین لاپروائی قرار دیا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔محکمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نشتر ہسپتال کے اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبد القادر خان کو مستقل ایم ایس کی تعیناتی تک اگلے تین ماہ کے لیے ایم ایس کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر راؤ امجد علی خان اس سے قبل بھی کئی معاملات میں تنقید کی زد میں رہ چکے ہیں۔ رواں سال مئی میں ہی ایچ آئی وی اسکریننگ رپورٹ کے بغیر سرجری کرنے پر نشتر ہسپتال کے 10 ڈاکٹروں کو معطل کیا گیا تھا، جبکہ گزشتہ سال نومبر میں ایڈز پھیلاؤ میں غفلت پر انہیں معطل بھی کیا جا چکا ہے۔ تاہم اس مرتبہ برطرفی کی وجہ محکمہ کی اہم آن لائن میٹنگ میں غیر حاضری کو قرار دیا گیا ہے۔







