آزاد کشمیر انتخابات 2026: پی ٹی آئی نے 33 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے 33 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی قیادت کے مطابق اس مرتبہ انتخابات میں روایتی الیکٹیبلز کے بجائے نوجوان، متحرک اور نظریاتی کارکنوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کر دی ہیں۔
پارلیمانی بورڈ نے تفصیلی مشاورت کے بعد 31 انتخابی حلقوں کے امیدواروں کی منظوری دے دی، جبکہ لچھراٹ اور میرپور سٹی کے حلقوں کے امیدواروں کا فیصلہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔
پارٹی کے اعلان کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی ایل اے-18 عباسپور سے انتخاب لڑیں گے۔ اسی طرح خواجہ فاروق احمد مظفرآباد سٹی، میر عتیق الرحمن کٹلہ، ذیشان حیدر چکار، عنصر پیرزادہ لیپہ، چوہدری غلام ربانی ڈڈیال، چوہدری ظفر انور چکسواری، چوہدری حمید پوٹھی کھڑی شریف، چوہدری آصف بھمبر سٹی اور طیب افتخار حسین برنالہ سے امیدوار ہوں گے۔
دیگر امیدواروں میں ملک نثار احمد راج محل، نعیم آرزو نکیال، محمد رفیق کوٹلی سٹی، غفارت شاہد چڑھوئی، سردار عبدالرزاق سہنسہ، بشیر گورسی کھوئی رٹہ، توصیف عباسی، مسعود الرحمن ایڈووکیٹ، سردار طاہر اکبر، چوہدری عامر نذیر، سردار ارزش، سردار خطاب، سردار نئیر ایوب، سردار عاطف، جنید الطاف، سردار زعیم، قاضی اسرائیل، میاں محمد شفیق اور راجہ منصور شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لیے 33 نشستوں پر امیدواروں کی سفارشات موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا یا جو فیصلے پر اعتراض رکھتے ہیں، وہ 29 جون 2026 شام 4 بجے تک پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں اپنی اپیل جمع کرا سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق تمام اپیلوں کا جائزہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے اپیلٹ بورڈ کی جانب سے لیا جائے گا، جبکہ انتخابات 2026 کے لیے پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست 2 جولائی کو جاری کی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں