آزاد کشمیر انتخابات 2026: میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ جاری، سخت سکیورٹی انتظامات

میرپور، آزاد کشمیر: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے کے تحت میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں ضلع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی طور پر 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور ووٹنگ کے عمل، سکیورٹی انتظامات اور ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
میرپور ڈویژن کے ان 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ ایک ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی کے اہل ہیں، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ضلع میرپور میں 597، ضلع کوٹلی میں 1107 اور ضلع بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 296 امیدوار مختلف حلقوں میں قسمت آزما رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ماحول خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں