آج کی تاریخ

ہائی کورٹ کا عمران خان سے سلمان اکرم راجا کی آج ہی ملاقات کرانے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ان کے وکیل سلمان اکرم راجا کی آج ہی ملاقات یقینی بنانے کا حکم جاری کردیا۔
ریاست مخالف مواد شیئر کرنے پر عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
جیل حکام کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب پر عدالت نے ہدایت دی کہ اس کی کاپی تمام فریقین کو فراہم کی جائے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے 24 مارچ کے حکم کے باوجود اب تک ملاقات نہیں ہوسکی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ متعلقہ حکام کہاں ہیں جنہیں ملاقات یقینی بنانی تھی؟ وکیل نے بتایا کہ آج منگل کا دن ہے، جو ملاقات کا مقررہ دن ہے، اور انہیں اپنے مؤکل سے کیس کے حوالے سے ہدایات لینا ضروری ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملاقات سے متعلق نیا حکم جاری کردیا گیا ہے، جس پر وکیل نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی احکامات پر عمل نہیں ہوا، امید ہے کہ اس بار حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
عدالت نے حکم دیا کہ سلمان اکرم راجا کی عمران خان سے آج ہی ملاقات کرائی جائے، جب کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی گئی کہ وہ جیل حکام کو فوری طور پر فون کال کے ذریعے مطلع کریں۔
سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی، جب کہ جیل انتظامیہ نے رپورٹ پیش کردی۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی حاصل نہیں، اور مؤکل کی ہدایات ملنے کے بعد ہی وہ جواب جمع کرائیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے ملاقات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں