ملتان (نامہ نگار خصوصی ) کسان اتحاد کے پلیٹ فارم سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے ملک کی تاریخ میں سب سے بڑے پیدا ہونے والے بحران کے خلاف احتجاج اپنے آغاز میں ہی ڈیل کا شکار ہو گیا ۔کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر کےاعلیٰ حکومتی عہدے داروں سے معاملات طے پا گئے اور یہ احتجاج بھی سابق احتجاجی مظاہروں کی طرح بے نتیجہ ہونے جا رہا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گندم کی قیمتوں میں کمی کے بحران کے معاملے پر کسان اتحاد کے صدر نے حکومت کو اعتماد میں لے کر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام تر معاملات طے ہوچکے ہیں ۔ کسان اتحاد اوکاڑہ اور متعدد اضلاع کے عہدیداروں ملک یاسین چھچھ ودیگر نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر واٹس ایپ پیغامات بھجوائے ہیں۔ گزشتہ روز پریس کلب میں کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے جب یہ انکشاف کیا کہ احتجاج کے فورا ًبعدوہ اسلام آباد جارہے ہیں جس پر ان سے پوچھا گیا کہ کہ جب احتجاج سے پہلے ہی معاملات طے پا چکے ہیں تو احتجاج کا کیا مقصد تو اس پر وہ کھسیانے ہو کر بولے کہ احتجاج تو کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ چند سال قبل خالد محمود کھوکھر کی اسلام آباد کے ایک دفتر سے بھاری بھرکم لفافہ وصول کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آگئی تھی جس پر کافی لے دے ہوئی تھی۔
