شیخ زید ہسپتال میں انتظامی اختلافات نے ایمرجنسی نظام متاثر کردیا

رحیم یارخان (نمائندہ خصوصی) شیخ زیدمیڈیکل کالج و ہسپتال میں پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے درمیان جاری اختلافات نے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز اور عملے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا، عید ڈیوٹیوں کے معاملے پر شروع ہونے والا تنازعہ اب سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے،ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کے عملے کا کہنا ہے کہ نہ ڈائریکٹر ایمرجنسی ان کی بات سن رہی ہیں، نہ ایم ایس اور نہ ہی پرنسپل نے ان کے تحفظات پر توجہ دی ہے، ڈاکٹرز اور دیگر ملازمین کا مؤقف ہے کہ انتظامی اختلافات کا سارا بوجھ ایمرجنسی عملے پر ڈال دیا گیا ہے،اطلاعات کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ان کے بعض ساتھیوں کی جانب سے عملے کو ڈرانے دھمکانے اور نوکریوں سے فارغ کرنے تک کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب ڈائریکٹر ایمرجنسی نے بھی ڈیوٹیاں نہ کرنے پر سنگین نتائج کی وارننگ دی ہے، خوف اور دباؤ کے باعث کئی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،متاثرہ عملے کا کہنا ہے کہ وہ صرف مریضوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں مگر انتظامی جنگ نے انہیں مشکلات میں پھنسا دیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ حکام یا ڈی سی او رحیم یار خان فوری مداخلت کر کے معاملے کو حل کریں تاکہ ایمرجنسی سروسز متاثر نہ ہوں اور عملے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں