آج کی تاریخ

کراچی میں جائیداد کے جھگڑے پر بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا

کراچی: بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں جائیداد کے تنازعے پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس نے قاتل کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ کے ایک گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مقتول کی شناخت 40 سالہ خلیل الرحمان ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا۔ پولیس کے مطابق خلیل الرحمان کو اس کے حقیقی چھوٹے بھائی مجیب الرحمان نے جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے فوری طور پر ملزم کی تلاش شروع کی، جو لیاری میں اپنے گھر پہنچا۔ بغدادی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا اور آلہ قتل برآمد کر لیا۔
سعید آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مجیب الرحمان نے اپنے بھائی کو اے کے 47 رائفل سے قتل کیا۔ مقتول کو جائیداد میں پہلے ہی حصہ ملا تھا اور اس نے بلدیہ یوسف گوٹھ میں اپنا مکان خریدا تھا۔ تاہم کچھ روز قبل مقتول نے اپنے بھائیوں فضل اور مجیب کے گھر جا کر دوبارہ جائیداد میں حصہ مانگا۔ بھائیوں نے منع کیا تو مقتول نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور چلا گیا۔ اس کے بعد اتوار کی صبح مجیب نے خلیل الرحمان کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مجیب الرحمان کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور وہ مختلف مقدمات میں متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں