آج کی تاریخ

ڈیجیٹل تجربہ ناکام، زکریا یونیورسٹی میں آن لائن ایڈمیشن سسٹم بیٹھ گیا، ہزاروں طلبہ محروم

ملتان (سہیل چودھری سے) بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بہت بڑا سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ ، کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹس اور بہت اعلیٰ تعلیم یافتہ پروفیسرز ہونے کے باوجود کروڑوں روپے میں خر یدےگئے سافٹ ویئر کا بھانڈا اس وقت پھوٹ گیا جب بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ایڈمیشن کی آخری تاریخ تک ہزاروں طلبا و طالبات اپلائی کرنے سے محروم رہ گئے۔ اس سلسلے میں جب طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے یونیورسٹی ایڈمیشن ٹیم سے رابطہ کیا تو وہ بھی مکمل طور پر بے یارو مددگار نظر آئے کیونکہ ان کے مطابق سافٹ ویئر ٹیم سافٹ ویئر بیچ کر لاہور روانہ ہو گئی اور مختلف فالٹس اور ERRORS آنے کی صورت میں طلبا و طالبات ایڈمیشن کرنےسے اپلائی کرنے سے محروم ہو گئےجس کے باعث زکریا یونیورسٹی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال تقریباً 28 ہزار طلبا وطالبات نے آن لائن ایڈمیشن کے لیے اپلائی کیا اور اپلائی کرنے کی دو ہزار روپے فیس ہے مگر خریدے گئے سافٹ ویئر میں پیچیدگیاں ہونے کی وجہ سے ہزاروں طلبہ آن لائن اپلائی نہ کر سکے۔اس سال صرف 20 ہزار طلبا وطالبات نے آن لائن ایڈمیشن کے لیے اپلائی کیا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایڈمیشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد ہیں مگر پروفیسر ڈاکٹر جاوید سلیانہ چونکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کے زیادہ قریب ہیں اس لیے وائس چانسلر نے ڈاکٹر جاوید سلیانہ کو زبانی طور پر چیئرمین ایڈمیشن سیل تعینات کیا ہوا ہے۔ یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال یونیورسٹی ایڈمیشن کمیٹی نے ایڈمیشن کے لیے جتنی زیادہ کمپین کی تھی اس سے 30 سے 35 ہزار طلبا وطالبات کو آن لائن اپلائی کرنا چاہیے تھا مگر سافٹ ویئر میں خامیوں کی وجہ سے وہ اپلائی نہ کر سکے۔ اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 30 جون تھی۔ آج تین جولائی کو ڈیپارٹمنٹ میں میرٹ لسٹیں آویزاں کر دی جائیں گی ۔جب اس سلسلے میں یونیورسٹی کے خزانہ دار صفدر لنگاہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ سافٹ ویئر کے لیے ٹینڈر دیا گیا تھا۔ لاہور کی ایک کمپنی سے تین کروڑ روپے کا سافٹ ویئر خریدا ہے۔ کمپنی کو ابھی پیمنٹ کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔اس کی خامیوں کو دور کرنے کے بعد ادائیگی کی جائے گی ۔سافٹ ویئر چیکنگ کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر عمران جاوید نے بتایا کہ جن طلبا کو آن لائن اپلائی کرنے کے لیے مشکلات آ رہی تھی انہیں انٹرٹین کیا گیا تھا کوئی بھی سافٹ ویئر لانچ کریں وہ پرفیکٹ نہیں ہوتا ۔آہستہ آہستہ ان کو خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: جامعہ زکریا: فرضی بلوں سے لاکھوں روپے نکلوانے کا انکشاف، پی ڈی یونین دباؤ پر ڈھیر

شیئر کریں

:مزید خبریں