آج کی تاریخ

چیمپئنز ٹرافی فائنل: نیوزی لینڈ نے بھارت کو 252 رنز کا چیلنج دے دیا

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اننگز کا آغاز زیادہ مستحکم نہ رہا۔ نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان 57 رنز پر وِل ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 69 کے مجموعے پر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، جبکہ محض 75 کے اسکور پر کلدیپ یادیو نے ہی کین ولیمسن کی اہم وکٹ حاصل کرلی۔
کیویز کی چوتھی وکٹ 108 کے مجموعے پر گری، جب ٹام لیتھم کو رویندرا جڈیجا نے چلتا کیا۔ اس کے بعد پانچویں وکٹ 165 کے اسکور پر گری جب گلین فلپس 34 رنز بنا کر ورون چکرورتی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
ڈیرل مچل نے شاندار 63 رنز بنائے، لیکن 211 کے مجموعے پر وہ محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان مچیل سینٹنر 239 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز جوڑے۔
ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ فائنل میں فاسٹ بولر میٹ ہینری انجری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے، اور ان کی جگہ نیتھن اسمتھ کو موقع دیا گیا ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک مضبوط ٹیم ہے اور آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ہمیشہ بہترین کرکٹ کھیلتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے سے کوئی پریشانی نہیں، ہماری توجہ صرف بہترین کھیل پر ہے۔
بھارت نے فائنل کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ اسٹیڈیم میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں