آج کی تاریخ

پنجاب میں پہلی بار وائلڈ لائف سروے کا آغاز، کن فوائد کی توقع؟

لاہور: پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، پنجاب وائلڈ لائف اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) نے تاریخ میں پہلی بار مشترکہ طور پر ’’وائلڈ لائف سروے‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سروے کا مقصد صوبے میں پائی جانے والی جنگلی انواع کی گنتی، ان کی اقسام، رہائش گاہوں اور خطرات کا جائزہ لینا ہے۔
یہ سروے ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا اور حاصل کردہ معلومات کو وائلڈ لائف ریڈ ڈیٹا بک میں شامل کیا جائے گا، جسے بعد میں عالمی سطح پر آئی یو سی این کی گلوبل ڈیٹا بک میں بھی شامل کیا جائے گا۔ وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق یہ اقدام ماحولیاتی توازن، قدرتی ورثے کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
سروے کے دوران جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرونز، کیمرہ ٹریپس اور جی پی ایس کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ اس میں یونیورسٹیوں کے طلباء، ماہرین، رضاکار اور مقامی کمیونٹیز بھی شامل ہوں گی۔ تحقیقاتی ٹیم کا خاص فوکس مقامی نایاب انواع جیسے اڑیال، چنکارہ، نیل گائے، پاڑہ ہرن، انڈس ڈولفن، پینگولین اور تلور پر ہوگا۔
چیف وائلڈ لائف رینجرز مدثر ریاض ملک اور پراجیکٹ انچارج مدثر حسن کا کہنا ہے کہ اس سروے کے نتائج نہ صرف پالیسی سازی میں مدد فراہم کریں گے بلکہ جنگلی حیات اور انسانوں کے درمیان تصادم، غیر قانونی شکار اور نایاب نسلوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں