آج کی تاریخ

پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جائے، امیر جماعت اسلامی

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ مسلم دنیا میں اتحاد کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس میں دیگر اسلامی ممالک، خصوصاً ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
لاہور میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے پیچھے امریکا کی مکمل حمایت موجود ہے اور جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا اس کا واضح ثبوت ہے۔ قطر پر حملے کے بعد مسلم ممالک میں اتحاد کی ضرورت اور بھی اجاگر ہوئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وادی تیرہ جیسے واقعات غیر یقینی صورتحال کو بڑھاتے ہیں، ایسے واقعات اداروں پر اعتماد کو متاثر اور عوام میں فاصلے پیدا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بے گناہ جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کی حکمت عملی اپنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لایا جائے اور تحریک طالبان کے مسئلے کو باہمی تعاون اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے مسائل پرامن طریقے سے ختم ہو سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب تک نظام کی تبدیلی نہیں آتی ملک میں حقیقی اصلاحات ممکن نہیں۔ نومبر میں مینارِ پاکستان کے سائے تلے ہونے والا اجتماع عام ان شاء اللہ تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں