اسلام آباد (قوم نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اگر دوبارہ کسی جارحیت کا سامنا ہوا تو ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کے حالیہ تناؤ کے دوران پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر علیوف کی مسلسل حمایت دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد کا تہیہ کر رکھا ہے، مگر نئی دہلی کی قیادت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز بیانات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے مسئلے کو جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کشمیر کے حق میں آذربائیجان کی حمایت پر صدر علیوف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر جاری پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے صدر علیوف کو پاکستان کے دورے کی دعوت کی تجدید کی، جسے صدر علیوف نے قبول کر لیا۔
صدر علیوف نے حالیہ بحران میں پاکستان کی حکمت عملی اور کامیابی کو سراہتے ہوئے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
