اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس روانہ ہوگئے ہیں، جس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر وزیراعظم 10 سے 11 اپریل 2025 تک بیلاروس کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
نواز شریف کی سربراہی میں بھی ایک وفد بیلاروس روانہ ہوگیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، حسن نواز، اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان شامل ہیں۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی اس وفد کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق، نواز شریف بیلاروس کے دورے کے بعد لندن جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ دورہ بیلاروس کے صدر کی دعوت پر ہو رہا ہے، اور مہمان وفد صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوگا۔
