کراچی: ملک میں مہنگائی کی لہر ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے، حالیہ ہفتے کے دوران مزید 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق، یہ مسلسل تیسرا ہفتہ ہے جس میں مہنگائی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر یہ شرح بڑھ کر 4.57 فیصد تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو، انڈے، آٹا، ٹماٹر، پیاز، لہسن، اور گھی شامل ہیں۔ آلو کی قیمت میں 0.71 فیصد، انڈوں میں 2.81 فیصد، آٹے میں 1.42 فیصد، پیاز میں 8.70 فیصد، ٹماٹر میں 33.20 فیصد، جب کہ سبزی گھی میں 0.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، جن میں چکن 6.38 فیصد، دال مونگ 0.49 فیصد، کیلا 4.70 فیصد، دال چنا 2.20 فیصد، چاول 0.51 فیصد، پٹرول 2.09 فیصد، اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 0.55 فیصد سستا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق کم آمدنی والے طبقے پر مہنگائی کا دباؤ زیادہ ہے۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی رفتار 1.07 فیصد اضافے سے بڑھ کر 4.98 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
اسی طرح درمیانی اور بلند آمدنی والے طبقات کے لیے مہنگائی میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی طور پر مہنگائی کا دباؤ اب بھی برقرار ہے۔








