اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی فوج کو مکمل آزادی دے دی ہے، جب کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے تاحال پاک فوج کو فری ہینڈ نہیں دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہم پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کا مؤقف آج بھی اپنی جگہ برقرار ہے، ہم ہر صورت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، قوم پر کوئی حملہ ہوا تو اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
علی ظفر نے شکوہ کیا کہ حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں پی ٹی آئی کے بانی کو شامل نہیں کیا، جبکہ بھارت میں کانگریس کی درخواست پر مشترکہ اجلاس بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یکجہتی کا پیغام دیا لیکن حکومتی بیانیہ اب بھی سیاست زدہ ہے۔
انہوں نے مریم نواز کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر میں بھارت کا کوئی ذکر نہیں تھا، جبکہ ہمارا مقابلہ بھارتی انتہا پسند حکومت سے ہے، بھارتی عوام ہمارے دشمن نہیں، ہمسائیگی کے اصولوں کے حامی ہیں۔
