ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خلیج فارس قومی دن کے موقع پر اپنے بیان میں آبنائے ہرمز کو ایران کی مزاحمت اور قومی طاقت کی علامت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اہم سمندری گزرگاہ ایران کی خودمختاری اور قومی وقار کی واضح نمائندگی کرتی ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام اور کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کے ذمہ دار یہ دونوں ممالک ہیں۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ خطے میں غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت کو روکنے کا فیصلہ درست اقدام ہے، اور ایران اپنی زمینی اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز جیسے انتہائی حساس علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنا پورے خطے کے مفاد میں ہے، اور اس میں خلل ڈالنے والی قوتوں کو اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔







